وحدت نیوز(دیامر) اہلیان دیامرکی محبت، مہمان نوازی اور اپنائیت کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔ امن، اخوت، اور خیر سگالی کا جو پیغام لیکر اہلیان بلتستان دیامر پہنچے وہ امن کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائیگا۔ گلگت بلتستان کے تمام لوگوں کو مذہبی اور مسلکی خول سے نکل کر عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار بلتستان سے خیرسگالی کا پیغام لیکر آنے والے عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان ریجن کے نمائندہ وفد کے اراکین اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنما فدا حسین، احمد حسین ظفر، مولانا محمد اسحاق ثا قب، ڈاکٹر شجاعت میثم، انجینئر شبیر حسین، علامہ شبیر حسین رجائی، جاوید، غلام شہزاد آغا، اعجاز، عاشق حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔ حکمرانوں نے 67سالوں سے ہمیں متنازعہ بنا رکھا ہے۔ جس کی وجہ سے نہ حقوق ملتے ہیں، اس کی بنیادی وجہ ہماری آپس کی رنجشیں اور عداوتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشہ ڈیم کے تمام مسائل فوری حل کریں اور سرحدی تنازعات کا فوری حل نکالیں۔ اس حوالے سے اہلیان بلتستان دیامر کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر فورم میں ساتھ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دیامر میں تعلیم کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں اور ضلع بھر میں انفراسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کی جدوجہد کو تیز کرنے کے لئے ایک وحدت اور ایک قوم بنکر ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔