وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ملک کے نامور نعت خواں، منقبت خواں اور قوال امجد صابری کی شہادت دہشتگردوں، کلعدم جماعتوں کو کھلی چھوٹ دینے اور ان تکفیری دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان میں کراچی جیسے اہم شہر میں اس شخصیت کا قتل ہونا سکیورٹی اداروں کی ناکامی اور دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن پر کی کامیابی پر سوالیہ نشان ہے۔ امجد صابری جو کہ عاشق رسولؐ اور محب اہلبیتؑ تھے ان کی شہادت تکفیری دہشتگردوں کی سیاہ کاریوں کا تسلسل ہے، جو ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں۔
آغا علی رضوی کہا کہ سکیورٹی ادارے کب بے گناہوں کے قاتلوں اور تکفیری دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ملک بھر میں دہشتگردی میں ملوث کلعدم جماعتوں کی پشت پناہی کا سلسلہ حکومت کی جانب سے کب ختم ہوگا۔ کب دہشتگردوں کے لیے پاکستان کی زمین تنگ کی جائے گی اور کب ان کے خلاف ملک گیر آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری کو شہید کر کے مدحت محمد و آل کو روکنے کی یزیدی کوشش ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ امجد صابری نے نہ صرف نعت گوئی، منقبت خوانی اور قوالی کو معراج عطا کی بلکہ وہ میڈیا پر عملی طور پر امن و محبت کی پرچار کرتے رہے اور تکفیری نظریات کی بیخ کنی کرتے رہے۔ انہوں نے ہمیشہ دہشتگردوں اور تکفیریوں کے نظریات کی مخالفت کرتے رہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انکے قاتلوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔