وحدت نیوز(سکردو)اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی کاظم میثم نے رہنما مجلس وحدت مسلمین ابراہیم آزاد کے ہمراہ وحدت یوتھ کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عظمت شہدا و حمایت فلسطین کانفرنس اور چئیرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان قائد وحدت ناصر ملت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی آمد اور گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی یوتھ نئی تاریخ رقم کرے گی۔ یوتھ باشعور ہونے کے ساتھ ساتھ پرعزم ہوتے ہیں۔ ہماری جدوجہد کا مقصد طاقت کا حصول نہیں بلکہ خدمت اور اعلی انسانی اقدار کا تحفظ بلخصوص ظلم ستیزی، قانون و آئین کی عملداری، اخلاقی قدروں کی حفاظت، خطے کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل لیے جدوجہد اور معاشرتی تطہیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اور قیادت کی جدوجہد ہی ہر مظلوم کے لیے امید کی کرن ہے۔ ہماری مختصر سیاسی تاریخ شاہد ہے کہ ہم ہر صورت میں عوامی حقوق کا دفاع کرنے والے ہیں، امن رواداری اخوت و بھائی چارگی کے فضا کو قائم کرنے والے ہیں۔ عصر حاظر میں مسئلہ فلسطین ہو یا دیگر عوامی ایشو ہمیں فرنٹ سے کردار ادا کرنا ہے۔ ہم اس وطن کے بیٹے ہیں اور اس کی اصولی بنیادوں کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔ ہم جمہوری سیاسی جدوجہد کے ذریعے اور عوامی طاقت سے ہی اس خطے کی خدمت کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ہماری یوتھ ہمارا خوبصورت چہرہ ہے۔ ہمیں نظریاتی عنوان سے، فعالیت اور کردار کے عنوان سے منفرد و ممتاز ہونا ہے۔ ہم نے ہر پسے ہوئے طبقے کی نمائندگی کرنی ہے ہم نے ہر ظالم کی مخالفت کرنی ہے کیونکہ ہماری جماعت کا سیاسی خط یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوان ہمارا حوصلہ ہے۔ ان جوانوں کے حوصلے سے ہم آگے بڑھیں گے۔