ملک بھرکی طرح ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں القدس ریلیاں نکالی جائیں گی،علامہ شیخ نیئرعباس

29 اپریل 2022

وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کا بدترین دشمن ہے۔ یوم القدس بھرپور طریقے سے منائیں گے۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد مسلمانان عالم کو سب سے بڑا نقصان بوڑھے استعمار برطانیہ کی سازش کے نتیجے میں ایک نام نہاد اور جعلی ریاست وجود میں لانے سے ہوا۔ گلگت میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ نیئر عباس کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برملا اسرائیل کو غاصب قرار دیا اور تسلیم کرنے سے صاف انکار کیا جو ہماری خارجہ پالیسی کی ریڈلائن ہے۔ جعلی ریاست نے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم ہو رہی ہیں، لاکھوں فلسطینی اپنی زمینوں سے محروم ہو گئے اور انہیں بے دخل کرکے یہودی آباد کیے گئے۔ فلسطینی اپنی زمین پر مہاجر بن کر رہ گئے۔ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مسلسل قبلہ اول کی بیحرمتی کی جا رہی ہے۔

ایم ڈبلیوایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ استعماری سازش کے نتیجے میں وجود میں آنے والی ناجائز ریاست کیخلاف اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے امام خمینی کے فرمان کے مطابق رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دیا گیا۔ اس روز نہ صرف فلسطین بلکہ کشمیر، یمن کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ یوم القدس صرف فلسطین کیلئے ہی نہیں یہ یوم کشمیر، یوم پاکستان، یوم لبنان، یوم شام بھی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں قدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آج استعماری طاقتیں ہمارے وطن عزیز کی سلامتی کو بھی تباہ کرنے کی سازش کر رہی ہیں، امریکہ پاکستان کا بدترین دشمن ہے، جو ملک کی سیاست کو نقصان پہنچانے، دہشتگردوں کے زریعے ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی و خوداری کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ بیرونی مداخلت کا خاتمہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن کسی خاص مسلک کا دن نہیں، یوم القدس نکتہ اتحاد ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی الیاس صدیقی، سیکرٹری سیاسیات غلام عباس و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree