وحدت نیوز(سکردو) وزیرزراعت گلگت بلتستان و صوبائی رہنما ایم مجلس وحدت مسلمین محمد کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت طویل المیعاد اور قلیل المیعاد بنیادوں پر مربوط اور جامع حکمت عملی کے تحت متعدد منصوبوں پہ پیشرفت کر رہی ہے۔ قانون سازی، اصلاحات اور ترقیاتی و تزویراتی امور میں نہایت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھائی جا رہی ہے۔ ماضی میں منصوبے غیربوط اور منظم ہونے کے سبب قومی وسائل کے ضیاع کے ساتھ ساتھ خطے میں ان منصوبوں سے خاطر خواہ فائدہ بھی اٹھایا نہیں جاسکا۔ آج پورے گلگت بلتستان کا ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے جس کی اہمیت سے ہر صاحب فکر و فہم آگاہ ہے۔ ماضی میں ماسٹر پلان کے تحت کام ہوتا تو آج ہمارے شہروں کا نقشہ ہی کچھ اور ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بین الاضلاعی روابط کو بہتر بنانے ذرائع نقل و حمل کو بہتر بنانے کے لیے جن منصوبوں پر کام کر رہی ہے اس سے پورا خطہ بدل جائے گا۔ ایک طرف شندور سے غذر کے راستے گلگت تک کی رسائی اور دوسری طرف شغرتھنگ روڈ کی تکمیل کے بعد یہاں کی سیاحت میں انقلاب آئے گا۔ قومی وسائل کے بہتر استعمال اور دیہی علاقوں کی ترقی اور اختیار کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے لوکل گورنمنٹ کا جو نیا نظام لے کے آ رہا ہے وہ مثالی ہوگا۔ اس سے جمہوری اقدار کے فروغ، ترقیاتی امور میں لوکل کمیونیٹیز کی شمولیت، سیاسی اداروں کی رشد و نمو اور گورننس میں غیر معمولی بہتری آئے گی۔ اس نظام سے وسائل کی فراہمی اور تقسیم ہر گاوں کی سطح تک ہوگا۔ محکمہ زراعت کے تحت سی پیک میں شامل کرانے کے لیے دو سوپچاس میلین ڈالر کی سکیم کی سفارش مرتب کی جا رہی ہے جس میں زرعی ترقیاتی منصوبوں کو مائیکرو لیول پر لوکل گورنمنٹ کے سٹریکچر سے مربوط کیا جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ میکرو لیول پر بھی انٹروینشنز ہونگی۔ جس سے زراعت میں مثالی ترقی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کا سٹریکچر مالیاتی اور اختیارات کے ضمن میں بھی وسائل اور اختیار سے بھرپور ہوگا۔
صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دبئی ایکسپو میں اہم اداروں کی شرکت یقینی ہوگی جس میں محکمہ زراعت گلگت بلتستان کی ایگری پوٹینشلز کو ڈسپلے کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کی زراعت میں سرمایہ کاروں کو موجود مواقع پر بھی بریفینگ دی جائے گی۔ ایگریکلچر، فشریز، منرلز اور سیاحت میں ترقی و فروغ کے لیے یہ ایکسپو ممد و معاون ثابت ہوگا۔ وزیر زراعت نے مزید کہا کہ ہماری حکومت سیاسی انتقام کا قائل ہے اور نہ اداروں غفلت برداشت کی جائے گی۔ تمام اداروں کی سروسز کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجٹیلائزیشن کی طرف جانا بھی اہم ترجیحات میں سے ہے۔ جس سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی اور ساتھ ہی شفافیت یقینی ہوگی۔