وحدت نیوز(سکردو)صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم کی نادرا ریجنل آفس آمد پر ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا اکبر شگری نے انکا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ حلقہ نمبر دو کے عوام کو شناختی کارڈ اور ب فارم بنانے میں بڑی مشکلات پیش آتی ہیں لہذا ان مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے گمبہ سکردو میں نادرا آفس کا قیام فوری طور پر عمل میں لایا جائے تاکہ دور دراز سے آنے والوں کے لئے مشکلات میں کمی کے ساتھ ساتھ ریجنل آفس پر بھی بوجھ کم ہو۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا اکبر شگری نے کہا کہ نادرا گمبہ سکردو میں آفس کھولنے پر آمادہ ہے تاہم مرکز سے اپرول کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں ہم یہاں پہ کردار ادا کریں گے۔
صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ حلقے کے عوام کی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے آمادہ ہے اور اس سال کے شروعات میں ہی تحصیل گمبہ سکردو نادرا آفس فعال ہونا چاہیے۔ اکبر شگری نے کہا کہ اپنی ریکمنڈیشن کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر بھیجا جائے گا اور سال کے شروعات میں ہی آفس کھولنے کی کوشش کی جائے گی۔