وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت چھین نہیں سکتی۔ سرزمیں کشمیر پر ہندوستان کا قبضہ غاصبانہ ہے، کشمیری عوام کی آواز کو طاقت اور جبر سے دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیر کے فیصلے کا حق صرف اور صرف کشمیری عوام کو حاصل ہے، عوامی امنگوں کے برخلاف کسی بھی قسم کے ایجنڈے کو مسلط کرنے کی کوشش ہوئی تو کشمیری عوام مزاحمت کرینگے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ پچھلی سات دہائیوں سے کشمیری عوام کے ساتھ مسلسل ظلم روا رکھا گیا ہے۔ کشمیر عوام اپنی آزادی کیلئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں جبکہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کے دکھ درد کا احساس ہی نہیں، دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی مہینوں سے کشمیر کے عوام محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور انڈین آرمی کے جبر و تشدد کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کشمیری عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی فضاؤں میں سانس لے سکیں گے۔