وحدت نیوز(گلگت)ملک عزیز پاکستان کی سالمیت اور بقا اتحاد ووحدت میں مضمر ہے۔عالمی استعماری طاقتوں کی سازشوں کا مقابلہ سنی شیعہ اتحاد ہی کے ذریعے ممکن ہے۔گلگت بلتستان کے تمام تر بنیادی حقوق کا حصول اتحاد کے بغیر ممکن نہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل سید علی رضوی نے شہید ضیاء الدین رضوی کے برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے نام پر نام نہاد آرڈرزکو یہاں کے عوام نے مسترد کیا ہے ،وفاقی حکمران گلگت بلتستان کے عوام سے قطعاً مخلص نہیں اگر حکمران یہاں کے عوام سے مخلص ہوتے تو عوامی خواہشات کو پیش نظر رکھ کر گلگت بلتستان کے لئے بااختیار سیلف گورننس کیلئے قانون سازی کرتے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اب کسی آرڈر کا متحمل نہیں ہوسکتا جلد ہی گلگت بلتستان کے عوام کو ایک بیانیہ پر لاکر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کو تیز کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی استعماری طاقتیں گلگت بلتستان بالخصوص اور پاکستان میں بالعموم فرقہ واریت کو فروغ دیکر مسلمانوں کو ایک دوسرے کے دست وگریبان کرکے اپنے مضموم مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہیں۔گلگت بلتستان کے سنی شیعہ ہوشیار اور خبر دار رہیں اور کسی بیرونی ایجنڈے کا حصہ نہ بنیں اور آپس میں اخوت وبھائی چارے کو فروغ دیکر استعماری سازشوں کو ناکام بنائیں۔انہوں نے آیت اللہ سیستانی کے عالمگیر فتوے کے حوالے سے کہا کہ ہم اہل سنت کو اپنی جان سمجھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران عالمی د ہشت گرد امریکہ و اسرائیل کے چنگل سے نکل کر امت مسلمہ کی فکر کریں۔ گلگت بلتستان کے تعلیمی مسائل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قراقرم یونیورسٹی اور بلتستان یونیورسٹی کے انتظامی معاملات سمیت فیسوں میں غیر ضروری اضافہ کرکے غریب طلباء کو تعلیم کے حصول سے محروم کیا جارہا ہے جو یہاں کے طلباء کے ساتھ سنگین زیادتی ہے اور فیسوں میں اضافے کو فوری واپس لیکر طلباء میں پائی جانیوالی بے چینی کو دور کریں۔انہوں نے گلگت بلتستان کے مقامی اداروں سمیت دیگر اداروں میں میرٹ کی پائمالی کو انسانی معاشرے کی بربادی قراردیا اور حکومت اور عوام سے اپیل کی کہ وہ میرٹ کو یقینی بناکراپنے معاشرے کو تباہی سے بچائیں۔