وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے وزیروں مشیروں کی عیاشیوں کیلئے کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے جبکہ گلگت بلتستان کے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور گلگت بلتستان کو پوری دنیا میں پہچان کروانے والے اخبارات کے بقایاجات اداکرنے کیلئے صوبائی حکومت لیت ولعل سے کام لے رہی ہے ۔
ان کاکہناتھاکہ گلگت بلتستان کے جملہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے مقامی اخبارات کا بڑا عمل دخل ہے اور یہی پرنٹ میڈیا ہے جس نے مجبور ولاچار عوام کو زبان دی ہے جبکہ حکمرانوں کی عیاشیوں کا پردہ بھی چاک کیاہے ۔ پرنٹ میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں نے صوبائی حکومت کی گڈ گورننس کی قلعی کھولدی ہے جس سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔
الیاس صدیقی نے کہا کہ حکومت اخبارات کو محکمہ اطلاعات کی لونڈی بنانے کا خیال دل سے نکال دے اور پرنٹ میڈیاکو اپنی مرضی سے چلانے کی کوشش حکومت کے مفاد میں ہرگزنہیں ۔ اخبار مالکان کے بقایا جات کو روک کر حکومت بلیک میلنگ پر اتر آئی ہے جس کی ہم سختی سے مذمت کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم آزاد میڈیا کے حق میں ہیں اور اہل قلم سے امید رکھتے ہیں کہ وہ کسی دباءو میں آئے بغیر عوام کے سامنے حقائق منکشف کرتے رہیں اور حکومتی سیاہ کاریوں پر سے پردہ اٹھاتے رہیں ۔ انہو ں نے مزید کہاکہ اخبار انڈسٹری کو بند کیا گیا تو سینکڑوں پڑھے لکھے جوان بیروزگار ہونگے لہٰذا حکومت ایسے ہتھکنڈوں سے بازرہے اور اخبار مالکان کے بقایا جات ادا کرکے صحافتی برادری میں پائے جانیوالی تشویش کو دورکرے ۔