وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے صوبائی حکومت کی اقربا پروری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں من اقربا پروری جیسی لعنت نے معاشرے کو بدامنی کا شکار کر دیا ہے اور موجودہ حکومت کے چار سالہ دور میں من پسند افراد کو نوازنے کی بدترین مثالیں قائم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جی بی حکومت سیکرٹری قانون کے ذریعے من پسند افراد کو نوازنا چاہتی ہے جو کہ میرٹ کی انتہائی خلاف ورزی اور اہل امیدواروں کی حق تلفی کے مترادف ہے۔ ایف پی ایس سی کے ذریعے ٹیسٹ انٹرویو کروا کے اہل افراد کو بھرتی کیا جائے۔ الیاس صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ سپریم اپیلیٹ کورٹ میں ججوں کی بھرتی میں تاخیر کی وجہ سے لوگ جیلوں میں انصاف کے منتظر ہیں جو کہ انسانی حقوق کی پامالی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عرصہ دراز سے انسداد دہشت گردی عدالت نمبر دو میں جج کی عدم تقرری سے کیسز سست روی اور التویٰ کے شکار ہیں، لہٰذا انسداد دہشت گردی کورٹ 2 کے جج کی فوری تعیناتی عمل میں لا کر انصاف کو یقینی بنایا جائے۔ ہائیکورٹ بار کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ سپریم اپیلیٹ کورٹکورٹ سمیت انسداد دہشت گردی کورٹ 2 کے جج کی فوری تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ پراسکیوشن کی خالی پوسٹوں کو پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کیا جائے۔