وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے اسکردو سیکریٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف گلگت بلتستان کے درمیان آنے والے انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا سیاسی اتحاد کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ دونوں صوبائی قیادتوں کی ملاقات میں گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے، کرپشن، اقربا پروری کی حوصلہ شکنی اور خطے کی محرومیوں کو دور کرنے جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی ہے۔ دونوں جماعتوں کی قیادتوں کا سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ آغا علی رضوی نے اس موقع پر کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کو خطے کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانا چاہیے۔
مجلس وحدت مسلمین نظریات اور اصولوں کی بنیاد پر سیاست کرنے کا قائل اور اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ نظریات اور اصولوں کی بنیاد پر ہی سیاسی جماعتوں سے رابطے رکھیں گے اور جو بھی جماعت اصولی سیاست کو ترک کرکے مفاداتی سیاست شروع کرے اور عوامی حقوق کے لیے رکاوٹ بنے تو ان کے خلاف آواز بلند کی جائے۔ تحریک انصاف کا کرپشن کے خلاف سٹینڈ اہم ہے تاہم تمام مصلحتوں سے بالاتر ہوکر اصولی سیاست جاری رکھنی ہے۔ گلگت بلتستان میں کرپشن کے خلاف اور خطے کو مضبوط کرنے کے جو بھی جدوجہد کرے ان کے ساتھ معاونت رہے گی۔