وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری بدترین انتقام اور جمہوری حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع جو کےجی بی قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ان کی گرفتاری شرمناک عمل ہے۔
کچھ طاقتیں گلگت بلتستان میں امن و امان کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کو عوامی مسائل پر آواز بلند کرنے اور حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ پوری قوم اپوزیشن لیڈر کے ساتھ کھڑی ہے اور خطے بھر میں اس ظلم کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے ۔
آغا علی رضوی نے مطالبہ کیا کہ جمہوری اقدار کا خیال کرتے ہوئے مقتدر حلقے لیڈر آف اپوزیشن کو فوری طور پر رہا کرے بصورت دیگر سخت احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے اور عوامی مسائل پر آواز بلند کرنے والوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں اب بند ہونی چاہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کی عاقبت نااندیش کارروائیوں کے سبب عوام میں بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔ ایک عرصے سے کچھ نادیدہ طاقتیں ریاست کو عوام کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ریاستی اداروں کو چاہیے کہ ایسی کارروائیوں سے باز رہے جس سے منفی طاقتوں کو پنپنے کا موقع ملتا ہو۔