وحدت نیوز(گلگت) ملک میںلاقانونیت عروج پر ہے اور حکومت محض جھوٹے اعلانات سے عوام کو تسلی دینے میں مصروف ہے۔محب وطن شہریوں کو جبری طور پر لاپتہ کرنا عدالتوں پر عدم اعتماد کے مترادف ہے۔جبری طور پر گمشدہ افراد کو عدالتوں میں پیش نہ کرنا عوام کو ریاست سے ٹکرانے کی سازش ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ ملک لاقانونیت کے دلدل میں پھنستا چلاجارہا ہے۔آئے روز محب وطن شہری جبری طور پر لاپتہ کرنا قانون اور انصاف سے روگردانی ہے۔کراچی میں گمشدہ جوانوں کے اہل خانہ کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔جن کے ہاتھ معصوم پاکستانیوں کے خون سے رنگین ہیں انہیں مین سٹریم میں لایاجارہا ہے اور محب وطن افراد کو ان کے گھروں سے اٹھالیا جاتا ہے اور اہل خانہ کو اپنے پیاروں کے متعلق کچھ نہ بتانا انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ سول لباس میں اہلکار دن دھاڑے گرفتاریاں کرتے ہیں اور جب پوچھا جاتا ہے تو ان کی زبانوں کو تالے لگ جاتے ہیں۔نہ تو ان افراد کا جرم بتایا جاتا ہے اور نہ ہی انہیں عدالتوں میں پیش کیا جاتاہے، کیا ریاست اتنی کمزور ہوچکی ہے کہ سچ بتانے سے گریزاں ہے؟ آخر کوئی تو بتائے کہ یہ جبری گمشدہ افراد کے اہل خانہ کس سے انصاف مانگ لیں؟۔حکومت اپنے شہریوں کے سامنے جوابدہ ہوتی ہے لیکن یہاں تو معاملہ ہی الٹا ہے۔عوام کے ووٹ سے منتخب ہونے والے عوام کو جوابدہ نہیں بلکہ کسی اور کو جوابدہ نظر آرہے ہیں۔انہوں نے مقتدر حلقوں سے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے اور اس مظلوم ملت پر رحم کیا جائے۔