وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے وکلاء کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور محرومیوں کو دور کرنے کے لئے وکلاء برادری کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وکلاء صبر و استقامت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں اور قانونی جنگ لڑیں تو دنیا کی کوئی طاقت جی بی کو حقوق دینے سے محروم نہیں رکھ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ جی بی کے حقوق کی جنگ ہم ستر سالوں سے لڑ رہے ہیں اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہاں کے عوام کی حب الوطنی کا صلہ دیا جائے۔ وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان کو حقوق دلانے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی واحد تحریک ہے جو ستر سالوں سے الحاق کے لئے چل رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جی بی کسی صورت پاکستان کے آئینی دھارے میں شامل ہو جائے۔ گلگت بلتستان کو آئینی دھارے میں شامل کرنے کے لئے ایک فیصلہ کن تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ خطے کے وکلاء خطے کے آئینی حقوق کی قانونی جنگ اچھے انداز میں لڑے گی۔ وہ دن دور نہیں کہ جی بی پاکستان کا آئینی حصہ ہوگا۔