وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد نوری نے اسلام آباد میں سابق آئی جی سندھ، معروف تجزیہ کار، سماجی شخصیت افضل علی شگری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جی بی کے آئینی حقوق کی راہ میں حال پیچیدگیوں اور دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے سابق آئی جی کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہر فورم پر گلگت بلتستان کے حقوق اور مسائل حل کرنے کے لئے آواز بلند کی۔ اس اہم ملاقات میں طے پایا کہ خطے کے عوام کو محرومیوں سے نکالنے اور حقوق کے لئے تمام شعبہ ہائے زندگی اور تمام مکاتب کے ساتھ مل کر جدوجہد کی جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ وفاقی سیاسی جماعتوں اور دیگر ذمہ داروں کی غفلت کے سبب قدرتی وسائل سے بھرپور یہ خطہ محرومیوں کا شکار ہے۔ اس خطے کی تعمیر و ترقی پر توجہ دیتے تو آج ملکی معیشت کو گلگت بلتستان سے سبنھالا دیا جاسکتا تھا، مگر آج تک کسی میگا پروجیکٹ کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ سی پیک میں بھی تاحال جی بی کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ ملاقات میں افضل علی شگری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی اہمیت مسلمہ ہے اور پاکستان کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں اس خطے نے دی ہیں، چنانچہ اس خطے کے حقوق کے لئے مزید جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں دونوں شخصیات میں طے پایا کہ جی بی کو یہاں کی عوامی امنگوں کے مطابق حقوق دلانے کیلئے جدوجہد تیز کر دی جائے گی۔