وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ احمد نوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہنگو میں خودکش حملہ اور کراچی میں چین کے قونصل خانے پر حملہ ایک ہی سلسلے کی کڑی ہے۔ ملک میں دہشتگردانہ حملے پاکستان کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ ایسی کارروائیوں کے ذریعے ایک طرف دہشتگرد پاکستان کے محب و طن شہریوں کے احساس محرومی میں اضافہ کرنا چاہتا ہے تو دوسری طرف پاکستان کے دیرینہ دوست چائینہ کے ساتھ تعلقات کو خراب کرنا چاہتا ہے۔ دشمن کے تمام عزائم خاک میں مل جائیں گے اور انہیں کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ ملک میں دہشتگردی میں ملوث بی ایل ہو، داعش ہو ،طالبان ہو یا کوئی اور نام سب ہنود و یہود کے آلہ کار ہیں۔ ملک میں دہشتگردی میں ملوث تمام چھوٹی بڑی جماعتوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگو میں شہادت پانے والے شہداء کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام تکفیری جماعتوں اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ ملک کے استحکام پر کوئی آنچ نہ آئے۔شیخ احمد نوری نے کہا کہ ملک میں اچانک سے دہشتگردی کی لہر کا پیدا ہونا تشویشناک ہے عوام کو ملک کر اس ناسور کے خلاف میدان عمل میں آنے کی ضرورت ہے۔