وحدت نیوز (سکردو) عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان کے سربراہ و مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پہ دیامر سے منسوب خبر کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور واضح کرنا چاہتا ہوں کہ گورنر گلگت بلتستان کے ساتھ کسی قسم کی ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی خطے کو کسی بھی حوالے سے تقسیم ہونے دیں گے۔ ہم گلگت بلتستان کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کرکے دم لیں گے۔ میرے لیے دیامر ، ہنزہ، غذر اور بلتستان میں کوئی فرق نہیں ہے۔ پورے گلگت بلتستان کو میں اپنا گھر سمجھتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں گلگت بلتستان کو تقسیم کرنے کی بات کی تو سب سے زیادہ ہم نے ہی اس پہ آواز بلند کی ہے جس کی تاریخ شاہد ہے۔ گلگت بلتستان کا ہر فرد خطے کا اور پاکستان کا محافظ و امین ہے۔ اس خطے کو ٹکرے کرنے کے خواب دیکھنے والوں کے خواب ٹکرے ٹکرے کرکے دم لیں گے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ عوام کسی قسم کے منفی پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں۔ چند عناصر گلگت بلتستان کے غیور عوام کو حقوق سے پیچھے ہٹانے کے لیے لسانیات، علاقائیت اور فرقہ واریت جیسی لعنت کا طوق گلے میں لٹکانا چاہتے ہیں۔جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ گلگت بلتستان ایک اکائی کی صورت ہے اور ایک گھر کی مانند ہے اور ہر فرد آپس میں اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ دیامر کے ڈیم متاثرین کا مسئلہ ہو یا سوست بارڈر پہ تاجرین کا مسئلہ، بلتستان میں زمینوں کا مسئلہ ہویا کوئی اور مسئلہ جب تک ہماری جان میں جان ہے خطے میں ہونے والے ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ہمیشہ سے دیامر کے مسائل کے حل کے لیے بلتستان کے علماء نے آواز بلند کی ہے اور بلتستا ن کے مسائل کے حل کے لیے دیامر کے علماء نے کردار ادا کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔