وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ احمد نوری نے اسکردو میں منعقدہ یوم پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم پاکستان یوم تجدید عہد اور یوم ایفائے عہد ہے۔ یوم پاکستان ہمیں وطن کی سربلندی اور استحکام کی خاطر سرگرم عمل رہنے اور اقبال و قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا حوصلہ بخشتا ہے۔ پاکستان میں بسنے والے غیور اہل سنت اور اہل تشیع نے اپنا سب کچھ لٹا کر اس مملکت کو حاصل کیا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے انتظامی اداروں میں موجود دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے لئے نرم گوشہ رکھنے والے افراد کو واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں اور ریاستی دشمنوں کا گھیرا تنگ کریں۔ ہمیں دہشتگردوں کا نہیں بلکہ اقبال و جناح کا پاکستان چاہیئے۔ گلگت بلستتان نے اقبال و جناح کے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا۔ حقیقی محب وطن شہریوں کو تعصبات کی بنیاد پہ الجھانے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم اس وطن کے باوفا بیٹے، حقیقی فرزند اور اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں محافظ ہیں۔ ہماری حب الوطنی کو مشکوک نگاہ سے دیکھا جانا وطن عزیز سے خیانت کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی بہتری، شہریوں کی فلاح، وحدت کے فروغ اور ملک کے استحکام کے لئے ہم جانوں کا نذارانہ پیش کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔