وحدت نیوز (گلگت) شایار تا پھکر روڈ کی میٹلنگ کا کام فوج کی نگرانی میں کرایا جائے، چھلت تا بھر روڈ جسے ٹھیکیداروں نے اصل لاگت انتہائی کم ریٹ پر لیا ہے اور حکومت صرف مال بنانے کے چکر میں تمام ترقیاتی منصوبوں کا بیڑا غرق کررہی ہے۔شایار تاپھکر روڈ کو بھی اقربا پروری کی نذر کردیا گیا تو سخت مزاحمت کرینگے۔مجلس وحدت مسلمین پھکر نگر کے سیکرٹری جنرل شبیر حسین نے کہا ہے کہ ماضی میں کئی ترقیاتی منصوبے حکومت کی ٹھیکیداروں سے ملی بھگت کے نتیجے میں پایہ تکمیل تک نہیںپہنچ سکے ہیں۔بیشتر منصوبوں کو ری شیڈول کرکے اصل لاگت سے دوگنے اخراجات پر مکمل کیا جاتارہا ہے ۔پی ڈبلیو ڈی حکام اور کرپٹ ٹھیکیدار آپس میں ملے ہوئے ہیں جنہیں عوامی مفاد کے کاموں سے کوئی غرض نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شایار تک پھکر روڈ کی میٹلنگ کے منصوبے سے بھی حکومت مال بنانے کے چکر میں ہے ،ہم حکومت اور ٹھیکیداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس منصوبے کے ساتھ کھلواڑ نہ کھیلا جائے اگر ایسی کوشش کی گئی تو سخت مزاحمت کا سامناکرنا پڑے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پراجیکٹ کے ٹینڈر کو صاف و شفاف بنانے کیلئے پاک فوج کے آفیسر کی نگرانی میں انجام دیا جائے اور اس روڈ کو پاک فوج کی نگرانی میں دیا جائے جس طرح سے مرتضی آباد تا سمائر روڈ کو پاک فوج کی نگرانی میں مکمل کیا گیا ہے۔