وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کراچی میں آئی ایس او کراچی ڈویژن کے زیراہتمام امریکہ مردہ باد ریلی کے خلاف پولیس انتظامیہ کی کارروائیوں اور گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے خلاف احتجاجی ریلی پر کراچی پولیس کا تشدد انتہائی افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔ پاکستان کے خلاف امریکی سربراہ کی ہرزہ سرائیوں کے بعد بھی پاکستانی حکام بلخصوص اداروں کی امریکہ نوازی قومی حمیت کے خلاف عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ تمام تر مشکلات اور پریشانیاں امریکہ کے سامنے غلامی کا طوق پہن کر جی حضوری کرنے کا نتیجہ ہے۔ امریکہ نے پاکستان کو معاشی طور پر سود اور قرضوں کے دلدل میں پھنسانے کے بعد دہشتگردی تخفے میں دئیے ہیں تاکہ اپنی بالادستی قائم و دائم رہے۔ ہمارے حکمرانوں کی ذہنیت غلامانہ ہونے کی وجہ سے کبھی بھی ملکی خارجہ پالیسی ملکی مفادات کے مطابق بننے کی بجائے امریکی مفادات کے تابع رہی ہے۔ طالبان کے وجود سے لے کر آج تک کے مسائل میں براہ راست امریکہ ملوث ہے۔ ریاستی اداروں کو ستر سالہ امریکی دھوکے کے بعد اس ہوش میں آنا چاہیے اور ایک باوقار، غیرت مند قوم بن کر پاکستان کی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کر کے ملکی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھ کر نئی خارجہ پالیسی مرتب کرنی چاہیے۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے فیصلے وائٹ ہاوس اور واشنگٹن کی بجائے پارلیمنٹ اور ریاستی اداروں کے اندر ہو۔ پاکستان کو ہر طرح کی امریکی غلامی سے نکل آنا چاہیے۔ کراچی میں آئی ایس او کے طلباء کی امریکہ مخالف ریلی پر تشدد ریاستی اداروں کی غلامی کا ثبوت ہے۔ کراچی پولیس گرفتار شدگان کو رہا کر ے اور امریکی ایماء پر جمہوری اقدار پر شب خون مارنے سے گریز کرے۔