وحدت نیوز(گلگت ) گندم کی ترسیل کا ٹھیکہ لوکل ٹرانسپورٹ کمپنی (نیٹکو ) سے اٹھانا صوبائی حکومت کا بدنیتی پر مبنی اقدام ہے۔ ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کمپنی علاقے کے ہزاروں لوگوںکو روزگار فراہم کررہی ہے،حکومت کے اس اقدام سے علاقے میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوگا۔حکومت اپنا فیصلہ واپس لے اور گندم ترسیل کا ٹھیکہ نیٹکو کے سپرد کرے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان الیاس صدیقی نے صوبائی حکومت کے گندم ترسیل کا ٹھیکہ نیٹکو سے اٹھانے کے اقدام کو بدنیتی پر مبنی اقدام قرار دیا ہے۔مرکز میں نواز لیگ نے اداروں کو تباہ کردیا اورگلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن و نواز شریف کے نقش قدم پرگامزن ہیں۔نیٹکو ایک قومی ادارہ ہے جس نے علاقے میں ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کیا ہے ،ادارے نے گندم ترسیل کیلئے کروڑوں کی مشینری خریدی ہے گندم ترسیل کا ٹھیکہ نیٹکو سے اٹھانے کی صورت میں مشینری بیکار ہوگی اور کئی افراد کے گھروں کے چولہے بجھ جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی عدم توجہی کے باعث بارڈر ٹریڈ تباہ ہوچکا ہے اور اب بددیانت حکمران نیٹکو کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے منطور نظر افرادکو نوازنے کیلئے حیلے بہانے تراش رہی ہے اور کسی پرائیویٹ شخص کو ٹھیکہ دیا گیا تو گندم خرد برد ہونے کے قوی امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نیٹکو واحد ادارہ ہے جس سے علاقے کے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے اپنے من پسند افراد کو نوازنے کیلئے قومی منافع بخش اداروں کی تباہی سے گریزکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کی ملک دشمنی عیاں ہوچکی ہے اور ان کے جرائم کا پردہ چاک ہوچکا ہے اور بہت جلد عوام کو ان بددیانت حکمرانوں سے نجات کی نوید مل جائیگی۔