وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان کے مقامی روزنامے میںخود سے منسوب شائع ہونے والی حقائق کے منافی خبر کے خلاف پر یس کانفرنس کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین کی رکن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی بی بی سلیمہ نے کہا ہے کہ مقامی روزنامے کی خبرجھوٹ پر مبنی ہے، وزیر اعظم کو نااہل سمجھتی ہوں یہی میری پارٹی پالیسی بھی ہے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان شروع دن سے بدعنوان حکمرانوں کے خلاف نبرد آزما رہی ہے اور ملک میں موجودہ حکمرانوں کے جبر وا ستبداد کے خلاف مجلس وحدت سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔اتحاد بین المسلمین، میرٹ کی بحالی، کرپشن کا خاتمہ ،ظالم کے مخالف اور مظلوم کی حمایت ہمارے منشور کا بنیادی حصہ ہیں۔لہٰذا کسی کو یہ غلط فہمی نہ رہے کہ ہم کسی بھی ایسے شخص کی حمایت کریں گے جس کا کردار داغدار ہو۔خاص طور پر سپریم کورٹ پاکستان کی جانب سے پانامہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف پر اعتماد کرنا تو درکنار میاں نواز شریف کا وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہنا بیس کروڑ پاکستانیوں کے ساتھ ظلم و زیادتی سمجھتے ہیں اور مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی پالیسی بھی یہی ہے جس کے ہم پابند ہیں۔پانامہ کا فیصلہ آنے کے بعد میاں نواز شریف اخلاقی طور وزیر اعظم رہنے کا جواز کھو چکے ہیں ایسے میں ہم کیونکر وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار کریں۔
لہٰذا آج کی اس ہنگامی پریس کانفرنس کے ذریعے اخبار میں چھپنے والی اس خبر کی سختی سے تردید کرتی ہوں ایسے قرارداد جو قابل بحث ہوتی ہیں ان پر بحث نہ کروانا خیانت ہے اورذمہ داروں کو تنبیہ کرتی ہوں کہ آئندہ اس قسم کی حرکتیں کرکے اسمبلی کے محترم اراکین کے افکار اور نظریے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش نہ کریںاور اسمبلی میں کوئی قرارداد پیش ہوتی ہے تو پہلے اس پر مفصل بحث کرائی جائے اور ووٹنگ کے ذریعے فیصلے لئے جائیں۔