وحدت نیوز (گلگت) وزیر اعلیٰ مستحق افراد کے معاشی قتل سے باز رہے، من پسندافراد کی تقرری کیلئے پولیس آفیسران پر دبائو ڈالنا مضحکہ خیز ہے ۔اپنے کارکنوں کومطمئن کرنے اور ان کے پریشر سے بچنے کیلئے میرٹ کی دھجیاں اڑاناپوری قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔پیشہ ور پولیس فورس کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ اسے غیر سیاسی بنایا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے پولیس فورس میں بھرتیوں کے حوالے کہا ہے کہ حکومت من پسند افراد کو ملازمت دینے کیلئے پولیس فورس پر دبائو ڈال رہی ہے جو کہ میرٹ پر اترنے والے امیدواروں کے ساتھ سراسر زیادتی ہوگی۔اس سے قبل بھی کئی محکموں میں پوسٹوں کی تشہیر کئے بغیر وزیر اعلیٰ نے اپنے کارکنوں کو ملازمتیں بانٹیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے ذمہ داروں نے دیانت داری سے امیدواروں سے ٹیسٹ انٹرویو کے بعد کامیاب ا میدواروں کی لسٹ مرتب کی ہے جس میں کسی ردوبدل کی صورٹ میں خاموشی اختیار نہیں کرینگے۔وزیر اعلیٰ میرٹ کا رٹہ لگاتے تھکتے نہیں لیکن درپردہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے تقرریوں کیلئے باقاعدہ لسٹیں فراہم کی جاتی ہیںاور جو آفیسران میرٹ کو پائمال کرنے کے حکومتی احکامات نظر انداز کرتے ہیں ان کو او ایس ڈی بنادیا جاتا ہے اور جو آفیسران حکومت کے غیر قانونی احکامات کے آگے سرتسلیم خم کرتے ہیں ان کو سرکاری خرچ پربیرون ملک دوروں پر بھیجا جاتا ہے جس کی زندہ مثال سیکرٹری ہیلتھ کا غیر ملکی دورہ اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے سیکرٹری سید وحید شاہ کو او ایس ڈی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس آفیسران کو چاہئے کہ وہ سیاسی وفاداریاں نبھانے کی بجائے سٹیٹ کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر فیصلے کریں اور حکومت کے غیر قانونی احکامات کو ردی کی ٹوکری کی نذر کریں۔