وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے رہنماعلامہ شیخ نیئرعباس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سینٹ اور قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کی نام نہاد نمائندگی گلگت بلتستان کے بائیس لاکھ عوام کی توہین اور حکومت کی بدنیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور وفاق میں مبصر کے طور پر نمائندگی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام اس دھوکے کو برداشت نہیں کریں گے اور بھرپور مزاحمت کریں گے۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عوام اور خطے کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے وفاق کے سامنے صدائے احتجاج بلند کرے۔انہوں نے کہا کہ ستر سالوں سے وفاقی جماعتوں کا گلگت بلتستان کے ساتھ مذاق جاری ہے ۔ صوبائی اور آئینی حقوق کے حوالے سے موجودہ حکومت نہ صرف سنجیدہ نہیں بلکہ گلگت بلتستان کو حقوق دینے کے لیے کسی صورت تیار نہیں ہے۔ اگر حکومت چاہتی تو گلگت بلتستان کو آئینی دھارے میں شامل کیا جاسکتا تھا لیکن نواز حکومت کسی صورت نہیں چاہتی کہ گلگت کو آئینی حق ملے۔ سی پیک میں گلگت بلتستان کو نمائندگی اور حصے سے یکسر محروم رکھنا اس بات کی دلیل ہے کہ نواز حکومت خطے کی تعمیر و ترقی نہیں چاہتی۔