وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم روز اول سے نہ صرف پاکستان کے دشمن انڈیا سے ہر طرح کے تعلقات کے مخالف ہیں بلکہ ہم ان حکمرانوں کو بھی آئینہ دکھاتے رہے ہیں جنہوں نے ملکی سلامتی کو پس پشت ڈال کر مودی سرکار کے ساتھ تجارتی مراسم بڑھائے ۔ ماضی کی طرح اب بھی پاکستان کے بدترین دشمنوں میں انڈیا اور امریکہ شامل ہے۔ ہندوستان وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے بدترین دشمن ہیں۔ مودی نہ صرف پاکستان کے دشمن ہیں بلکہ انکا ہاتھ انڈیا کے مسلمانوں کے خون سے رنگین ہے۔ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی ان سے بعید نہیں تھا ۔ مودی کا گلگت بلتستان کے حوالے سے بیان مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے توجہ ہٹانے اور اقتصادی راہداری کی گزرگاہ میں بے چینی پھیلانے کی سازش ہے ، مودی کا حافظہ ساتھ دے رہا ہو تو معرکہ کارگل کو یاد کرے کہ کس طرح گلگت بلتستان کے جری جوانوں نے انکی فوج کو دھول چٹا دی تھی اور کشتوں کے پشتے لگا ئے تھے۔ آج مودی گلگت بلتستان کے عوام کے دلو ں میں نرم گوشہ پیدا کرنے کی کوشش میں مصروف ہے جو انکی بھول ہے۔ ہمارے اجداد نے اسلامی نظریاتی بنیادوں پر پاکستان کے الحاق کیا ہے اور ہمارے شہداء کے خون اس میں شامل ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ مودی کی ہرزہ سرائی پر ملک میں موجود وہ طبقہ جواب دے جنکے قائد ان کے حوالے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ ہم کل بھی مودی کو اسلام و پاکستان کا دشمن سمجھتے تھے آج وقت نے ثابت کیا کہ انکے ساتھ تجارتی مراسم بڑھانے والے ناعاقبت اندیش لوگ ہیں۔ انہیں کوئی حق نہیں کہ ملک پرحکومت کرے۔