وحدت نیوز(گلگت) ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں پسند ناپسند کی بنیاد پر اعلیٰ پوسٹوں پر تبادلے کئے گئے ہیں۔ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں خالی پوسٹوں پر میرٹ کی دھجیاں اڑاکر اپنے عزیز و اقارب کو بھرتی کرنے کا مکمل پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ کو ایکسٹنشن کی لالچ دے کر من پسند تقرریاں کروانے پر راضی کرلیا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ محکمہ ہیلتھ میں نان ٹیکنیکل افراد کو ٹیکنیکل پوسٹوں پر ترقی دینے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے،مختلف اداروں میں خالی پوسٹوں پر اپنے عزیز و اقارب اور سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر تقرریاں عمل میں لانے کی خفیہ پلاننگ کی گئی ہے۔لیگی حکومت نے میرٹ کا جنازہ نکال دیا ہے جبکہ تابناک مستقبل کے خواب دیکھنے والے قوم کے ہونہار سپوت مایوسی کا شکار ہورہے ہیں۔سرکاری ملازمتوں کی بندربانٹ سے ایسا لگ رہا ہے کہ مستقبل قریب میں گلگت بلتستان حکومت کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے گی۔اعلیٰ حکومتی عہدوں پر براجمان آفیسران کو دھونس دھمکیوں اور لالچ کے ذریعے اپنا ہم پیالہ بنانے کی کوشش انتہائی شرمناک عمل ہے بالخصوص ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں تقرریوں سے پہلے آفیسروں کے تبادلے کرنا اس سازش کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کو پائمال کرکے سرکاری ملازمتوں کی بندربانٹ کے اس گھناؤنے منصوبے سے لیگی حکومت نے اپنا ہاتھ نہیں کھینچا تو اس کے سنگین نتائج بھگتنے کی تیاری بھی کرلیں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کے حصول کے بعد 100 دنوں کی تبدیلی اور پھر جی بی کی ترقی و خوشحالی کے کھوکھلے نعروں کو عوام نے خوب سمجھ لیا ہے اب ان حکمرانوں کی کوئی نئی چال کامیاب نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہا کہ گلگت سکردوروڈ کی تعمیر کے وعدے بھی دم توڑ گئے ہیں ، اقتصادی راہداری میں حکمرانوں کو اپنا حصہ مانگنے کی بھی جرات نہیں۔انہوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ حکمرانوں کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت میں ہونے والے تبادلوں کو فی الفور کالعدم قرار دیں ۔تمام پوسٹوں پر تعیناتی کیلئے اچھی شہرت کے حامل آفیسران پر مبنی ریکروٹمنٹ کمیٹی بنائی جائے۔