وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ شیخ بلال ثمائری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے میر شکیل الرحمن کا حق نمک ادا کرنے کی خاطر جی بی کو پاکستان سے الگ قرار دیکر یہاں کے لاکھوں عوام کی دل آزاری کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات ہندوستان کے موقف کی تائید کرکے ملک سے سنگین غداری کے مرتکب ہوئے ہیں، ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔ وفاقی وزیر کے موقف میں سچائی ہے تو سوست کسٹم سمیت بھاشہ ڈیم اور بونجی ڈیم کو بنانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ وفاقی وزیر کے اس بیان کے بعد گلگت بلتستان کے عوام کو بیدار ہونا چاہئے کہ مسلم لیگ نون کے سامنے اس خطے کی کوئی اہمیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام نے 28 ہزار مربع میل کا علاقہ اپنے زور بازو سے آزاد کرایا اور غیر مشروط طور پر پاکستان سے الحاق کیا، لیکن پاکستان کے نااہل حکمرانوں نے 68 سال تک یہاں کے عوام کو حقوق سے محروم رکھا۔ وفاقی حکمران یہاں کی عوام کو حقوق دینے کی بجائے اس علاقے کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمن کے خلاف گلگت بلتستان کی ایک عدالت کے فیصلے کو غیر موثر کرنے کی خاطر جغرافیائی لحاظ سے اس اہم خطے کو پاکستان سے الگ کرکے ہندوستان کے موقف کی تائید کی ہے جو کہ انتہائی شرمناک عمل ہے۔ ایسے غیر ذمہ دار شخص کو فوری طور پر وزارت کے عہدہ سے برطرف کرکے مقدمہ چلایا جائے، تاکہ علاقے کے عوام میں پائی جانیوالی بے چینی کا ازالہ ہوسکے۔