وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کواردو اسکردو میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کربلا کوئی قصہ پارینہ اور کہانی نہیں بلکہ آفتاب ہدایت اور ظلم کے خلاف قیام کا درس ہے۔ کربلا نے اہل ایمان پر اتمام حجت کر دی ہے، اب ضروری ہے کہ ہم وقت کے یزیدوں اور عصر کے فرعونوں کے خلاف تمام تر مصلحتوں اور بہانوں کو بالائے طاق رکھ کر قیام کریں۔ علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں چند عاقبت نااندیش، فتنہ پرور اور تکفیری عناصر عزاداری نواسہ رسول (ص) پر پابندی کا خواب دیکھنے میں مصروف ہیں، یہ ان کی بھول ہے۔ عزاداری امام حسین (ع) شیعیان حیدر کرار (ع) کی شہہ رگ حیات ہے، ہماری زندگی ہی امام حسین کی محبت سے قائم ہے۔ پاکستان میں عزاداری ہمارا آئینی، قانونی اور اخلاقی حق ہے۔