وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سیکریٹری اطلاعات غلام حسین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کے نظام کو برقرار رکھنے کیلئے جو پولیسیاں بنائی گئی ہیں ان پر عمل درآمد نظر نہیں آرہی ہیں، قومی سطح کی پالیسیوں کو نا صرف معاشرتی ضروریات اور موجودہ صورتحال کا عکاس ہونا چاہیے بلکہ عوام کے حقیقی مسائل و مشکلات کے پائیدار حل کا ضامن بھی ہونا چاہیے، شہری اپنے حقوق سے محروم ہیں ۔اگر ملک کے نظام کو بہتر بنانا ہے تو یہ پالیسیاں محض فائلوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان پر عمل در آمد کرکے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ضروری ہیں۔ عوام اپنے حقوق سے محرومی کی وجہ سے در در کے ٹھوکر کھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کا مطلب عوام کے یکساں حقوق اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے تاکہ معاشرے میں نابرابری کی صورتحال ہی پیدا نہ ہوں۔ تاریخ و سیاست کے مستندمفکرین کا منصب سیاست اور حق حکمرانی کو معاشرے میں اخلاقی لحاظ سے کمال اور کردار کے لحاظ سے مثال کا درجہ رکھنے والے افراد کے لیے مخصوص کرنا اسی وجہ سے ہے کہ سیاست سے منسلک طبقہ نا صرف ریاست کے اداروں میں پیدا ہونے والی خرابیوں اور کمزرویوں پر چیک رکھتا ہے بلکہ عوام کی سوچ کو مثبت سانچے میں ڈال کر سماجی رویے بھی متعین کرتا ہے۔ نمائندوں اور حکمرانوں کے انتخاب کے معاملے میں ہمیں جہاں اخلاقی بے راہ روی یا دیانتداری کے حوالے سے کسی پر معمولی سا الزام بھی سامنے آنے پر سسٹم اور سیاسی جماعتیں امیدواری کے مرحلے پر ہی ایسے افراد کو مکھن سے بال کی طرح نکال باہر کرنا چاہیے۔ لیکن ہماری بد قسمتی کہ قومی سیاست صرف مفادات کا کھیل بن کر رہ گئی ہے۔ پولیٹکل سسٹم کی اوور ہالنگ کے لیے بھی ایک عدد ایک ایکشن پلان وضع کرنا ناگزیر قومی ضرورت بن چکا ہے۔