وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی نے انسانیت کی بے بسی کا عالم بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ دن بہ دن انسانی حقوق کے دشمن اپنی کاروائیاں انجام دے رہے ہیں انہوں نے گزشتہ دنوں زابل میں شیعہ ہزارہ مومنین کے اغوا ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے علاوہ ساری دنیا کو کافر قرار دینے والوں کے خلاف جب تک سب متحد نہیں ہونگے تب تک ان تکفیری عناصر سے چٹکارہ نہیں مل سکے گا۔ یہ ہمیں مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی نا پاک سازش ہے جسے ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ جو لوگ آج یہ سمجھ کر چپ ہیں کہ یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے انہیں سمجھنا ہوگا کہ یہ کسی ایک کا نہیں بلکہ ہم سب کا مسئلہ ہے۔دہشتگردی سے ہم سب کو نقصان ہو رہا ہے اور دہشتگردی کا تعلق کسی بھی مذہب یا قوم سے نہیں ہے کسی قوم یا مذہب نام صرف اس لئے استعمال کیا جاتا ہے کہ لوگوں کو یہ کہہ کر چپ کرایا جائے کہ ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ اگر ان کی کاروائی کسی عیسائی کے خلاف ہو تو کوئی مسلمان آواز بلند نہ کرے اور اگر افغانستان میں شیعہ ہزارہ مومنین کو اغوا کیا جائے تو دوسرے اقوام کے لوگ ان کے حق اور انکی رہائی کیلئے آواز بلند نہ کرے ۔ اسکے علاوہ ان چیزوں کی کوئی اہمیت نہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ انسانیت کے دشمنوں کے ناپاک ارادے کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ پیرس میں حملہ ہوتا ہے تو ساری دنیا اس کے پیچھے لگ جاتی ہے حالانکہ پاکستان اور افغانستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کا حال اس سے بھی بد تر ہے ان کیلئے عالمی طاقتیں کچھ نہیں کہتی ایسا کیوں ہے کہ یورپ میں رہنے والے شخص کا خون ہمارے خون سے افضل سمجھا جاتا ہے، کہنے کا مقصد یہ نہیں کہ پیرس میں اچھا ہوا یا برا بلکہ یہ ہے کہ ہمارے ساتھ نا انصافی کیوں کی جارہی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام انسانی حقوق کے ادارے اور افغان حکومت ہزارہ مومنین کی رہائی میں اپنا کردار ادا کرے۔