وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں علامہ ہاشم موسوی نے کہاہے کہ سنجیدگی سے بے نیاز عناصر کے ہاتھوں عوام کا مستقبل داؤ پر نہیں لگایا جاسکتا کرخت اور آمرانہ رویوں کی گندگی کو جمہوریت کی چھاپ سے ڈھانپنے کی کوشش کی جارہی ہیں جمہوریت اور جمہوری عمل کے نام پر فکری آمریت کے چنگل میں پھنسنے کے لئے ہرگز تیار نہیں ۔ عوام اپنے اندر کے اعتمادکو بحال کر کے ہر فکری آمریت کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ ہمارے ہاں سوال پوچھنے کی آزادی ختم ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ہر اجتماعی عمل جمودکی طرف گامزن ہے، نئی نسل کو فکری بنیادوں پر منظم کرنا ہوگا۔ جس کے لئے سنجیدہ طرز عمل ضروری ہے، آج کی دنیاہمہ گیر تبدیلیوں سے دوچار ہے، ایسے حالات میں ہمیں جبر اور استبداد سے دہشت ذدہ ہوکر اپنی جمہوری رائے سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونا چاہئے۔ آزمائشوں سے خوفزدہ ہوکر کرخت اور آمرانہ رویوں کے خلاف بات کرنے سے احتراز برتنے کا لازمی نتیجہ یہی ہے کہ معاشرے کے اندر تنوع کی بجائے یکرنگی بڑھ جائے گی یوں فکری جمود اور فکری آمریت کو دوام ملے گی ۔ عوام کے اندر بڑھتے ہوئے اضطراب ، غربت، پسماندگی اور جہالت کی وجہ سے نوجوان معاشرتی برائیوں کا شکار ہو جاتے ہیں اور فکری بے چینی کے اصل اسباب اور محرکات کو نظر انداز کرکے محض اپنے بیانات اور تقریروں کو رنگین بنانے کیلئے عوام کے مسائل اور ان کے درمیان اتحاد و اتفاق کی باتوں کا سہارا لینے سے عوام متحد نہیں ہوں گے۔تقسیم در تقسیم کے عمل کے اصل اسباب کو بے نقاب کرنا ہوگا ۔مجلس وحدت مسلمین مردان کے نادرا آفس میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔