وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے آفس سیکریٹری حاجی ناصر علی کا پیٹرولیم منصوعات کی قمتوں کے بارے میں کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو اگر مد نظر رکھا جائے تو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو فائدہ ہوا ہے ہم اس بات سے ہرگز انکارنہیں کرتے مگر یہ وقت کی ضرورت ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی لائی جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں حاجی ناصرعلی نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تو کر دی ہے مگر عالمی قیمتوں کے اعتبار سے یہ کمی کچھ خاص نہیں ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات روز مرہ کے مختلف اشیاء میں زیر استعمال ہے عوام کو ریلیف پہنچانے کے سلسلے میں حکومت کو کسی طور سستی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے۔ روزمرہ استعمال ہونے والے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرنے کی ضرورت ہے۔عوام عام طور پر ٹرانسپورٹ اور دیگر سواریوں کا استعمال کرتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ ان تمام ٹرانسپورٹز کے کرایوں میں کمی کیلئے حکومت کوشش کرے۔ بعض اوقات پیٹرولیم اور دیگر چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے مگراس کا ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور بعض افراد کو ٹرانسپورٹرز کی منہ مانگی قیمتوں پر سفر کرنا پڑتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر حکومت عوام کو ریلیف دلانا چاہتی ہے تو لازم ہے کہ بجلی کے ریٹ، ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روز مرہ کے اشیاء کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے۔ حکومت اس بات کی ذمہ دار ہے کہ اسمبلی میں پیش کئے گئے بلوں اور دیگر ایسے چیزیں جن سے عوام کو فائدہ پہنچتا ہے ، ان پر عمل بھی کیا جائے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومتی وزراء اس بات کو زیر بحث لائے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بہت کم ہے اور عوام کے ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کی قیمتوں میں مزید کمی لائی جائے تاکہ عوام اس کے استعمال سے مستفید ہو سکے۔