وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے ڈویژنل سیکریٹری جنرل جناب عباس علی نے کہا ہے کہ عوام زندگی کے بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ، اعلیٰ تعلیم کی عدم دستیابی صوبے میں غربت، جہالت اور پسماندگی کی اصل وجہ ہے۔ حکومت ترقی کیلئے کام کرنے کے وعدے تو کرتی ہے مگر وعدہ وفائی کیلئے وقت نہیں نکال پاتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے رہایشی شہری اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، جو کہ تعلیم سے محرومی کا نتیجہ ہے اور ان کے حقوق دلانے والے ادارے بھی اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہی ہیں۔ جمہوری حکومت میں عوام کو تمام تر سہولیات میسر ہونے چاہئے مگر یہاں تو ضروریات کے حصول میں بھی دشواریاں ہیں۔مہنگائی اور غربت کی وجہ سے عوام کو زندگی گزارنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور دوسری طرف حکومت مہنگائی ختم کرنے کیلئے کام کرتی نظر نہیں آ رہی ، دن بہ دن ٹیکسوں میں اضافہ ہورہا ہے اور ہر شے مہنگی ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ صوبے میں عوام اپنی جان و مال کو محفوظ نہیں سمجھتے ، دہشتگرد کاروائیاں کر رہے ہیں اور آزاد پھیر رہے ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں کرکے ان کے خوف کو عوام کے دلوں سے ختم کیا جائے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ اگرصوبے کو غربت اور پسماندگی کے دلدل سے نکالنا ہے تو حکومت کو کمر بستہ ہونا پڑے گا۔ جمہوری حکومت کے تمام اراکین عوام کے نمائندے ہوتے ہیں اگر ذاتی مفادات کو اڑے نہ آنے دیا جائے تو صوبے میں خوشحالی کی آمد یقینی ہے، صوبے کو ترقی کے بہت سے مواقع مل رہے ہیں لہٰذااس وقت ان چیزوں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔