وحدت نیوز(کوئٹہ) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 68ویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی آغا رضا نے کہا ہے کہ ملک کو اگر اس وقت سینکڑوں مسائل کا سامنا ہے تو اس لئے کہ بعض افراد بانی پاکستان کے افکار اور مقصد کو بھول کر ملک چلانے لگے تھے۔ اگر سابق ادوار میں حکمران قائد کے افکار کو مد نظر رکھتے تو ملک کو عوام کی جان و مال، دہشتگردی ، بد عنوانی اور ملکی قرضوں کی صورت میں اتنا نقصان نہیں اٹھانا پڑتا جتنا ہم اٹھا چکے ہیں۔ ہمیں پاکستان کے اصل مقصد اور قائد کے افکار کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والے ملک میں امن، محبت، اتحاد اور بھائی چارگی کی بہترین مثالیں ملنے چاہیے تھے مگر ہمارے پیارے سرزمین کو نظر لگ گئی اور ہم اپنے اپنے مسالک و اقوام کی بالا دستی میں لگ گئے ، نتیجتاً پاکستانی قوم دنیا کے دیگر اقوام سے بعض شعبات زندگی میں پیچھے رہ گئی۔ایم پی اے آغا رضا نے کہا کہ قائد اعظم وکیل بھی تھے اور چاہتے تھے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہو جہاں عدالت کا بہترین نظام ہو مگر ملک دشمن دہشتگردوں نے یہاں وکلاء کو ہی شہید کر دیا اور دوسری طرف جہاں قائد اعظم ایوان کے اجلاس میں پارلیمانی لیڈروں کے لئے اضافی خرچوں کے خلاف تھے وہاں آج خود وزیر اعظم پر کرپشن کے الزامات ہیں۔ آج کا پاکستان وہ پاکستان نظر نہیں آتا جو قائد اعظم چاہتے تھے ہمیں تو ترقی کی حدیں پار کرنی ہیں ہماری قوم کو دنیا کے سامنے پاکستان کا نام روشن کر نا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں اور آپس میں بھائی بھائی ہیں تو ہمیں اپنے اندر کسی قسم کے تفرقے کو داخل نہیں ہونے دینا ہے۔ اسلام ہمیں بدعنوانی اور جن دیگر اعمال سے منع کرتا ہیں ہمیں ان سے دوری اختیار کرنی ہیں اور ایک دوسرے کا ساتھ دے کر اس وطن کی سربلندی اور وقار کا باعث بننا ہے۔آج بھی ہماری قوم وہ قوت رکھتی ہیں کہ دنیا کے عظیم اقوام کی صف میں آکھڑی ہو جائے اور ہر شعبے میں دیگر ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ساتھ رہے مگر اس کے لئے ہمیں کرپشن نامی لعنت کو اپنے اندر سے نکال کر پھینکنا ہوگا اور انصاف کا دامن تھامنا ہوگا۔