وحدت نیوز(کوئٹہ) بدعنوانی اور کرپشن نے ملک کو مسائل میں مبتلاء کر دیا ہے، اگر اس وقت ہم چاروں طرف سے مشکلات اور مسائل میں مبتلاء ہیں تو اسکی ایک اہم وجہ بدعنوانی کے بازار کا گرم ہونا ہے۔ اگر وطن کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں بدعنوانی نامی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہوگا ۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹریٹ سے جاری شدہ بیان میں سیکریٹری جنرل عباس علی نے ملک کی وجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ہر آزمائش میں صبر سے کام لینا ہوگا۔ پاکستان اس وقت چاروں طرف سے مشکلات میں گھرا ہوا ہے ہمیں ایک ملت بن کر ان مشکلات سے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی نے ہمارے معاشرے کو کھوکھلا کر دیا ہے، جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک میں ترقی کی نشانیاں نظر نہیں آئیں گی۔ ظلم کی انتہا یوں ہو گئی ہے کہ بدعنوانی اور کرپشن کو بعض افراد اپنا آئینی حق سمجھنے لگے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان سے اگر کرپشن، بد عنوانی کے کلچر کو ختم کرنا ہے تو ہمیں مل کر اسکے خلاف کام کرنا ہوگا ہمارے معاشرے میں ہر طرح کے مسائل موجود ہیں، یہ سوچ کر دکھ ہوتا ہے کہ کیسی کیسی محرومیوں کو ہم قبول کر لیتے ہیں اور کیسی کیسی باتوں پر پورا ملک ،پورا معاشرہ غیظ و غضب کا شکار ہو جاتا ہے جس کیلئے سنجیدہ طرز عمل ضروری ہے ۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ حکومت کو ان افراد کا پتہ لگانا ہوگا جو قوم کی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں اور وہ لوگ جو دوسروں کے حقوق چھیننے میں اپنا پورا کردار ادا کرتے آرہے ہیں انہیں انکے کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔