وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے دفتر وحدت ہاؤس میں کوئٹہ شہر کے میئر ڈاکٹر کلیم اللہ نے مجلس وحدت مسلمین کے کونسلران سے ملاقات کی، ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین کے نمائندوں نے ڈاکٹر کلیم اللہ سے وارڈ نمبر 12,10,9 کے مسائل کا تذکرہ کیا اور ان کے حل کیلئے جلد از جلد اقدامات اٹھانے کو کہا۔میٹنگ میں کونسلر کربلائی رجب علی،کونسلر عباس علی، کونسلر سید مہدی، مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل عباس علی، سیکریٹری سیاسیات کامران حسین ہزارہ ، کاظم علی سمیت دیگر عہداداران موجود تھے۔ میٹنگ میں کونسلرزنے کہا کہ ہمارے علاقے کے لوگوں نے ہم پر بھروسہ کیا ہے اور اپنے حق کے استعمال سے ہمیں ووٹ دیگر نمائندگی کا موقع دیا ہے اب یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم عوام کی امیدوں پر پورا اتریں اور انکی خدمت کریں۔میٹنگ میں حلقہ نمبر نو، دس اور بارہ میں اسٹریٹ لائٹ کی مرمت،پانی کے مسائل، صفائی ، درخواستوں پر عمل درآمد ،، فنڈ کی فراہمی ، یونین کونسل آفس کے مسائل اور ٹیلیفونک نکاح رجسٹریشن سمیت علاقے میں خاکروب کے کمی کے مسئلے پر بات کی گئی ۔ مجلس وحدت مسلمین کے نمائندوں نے میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کو ان مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ علاقے میں بسنے والے لوگوں کی خدمت ہمارا فرض ہے اس لئے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آپ کو آگاہ کریں۔ کوئٹہ شہر کے میئر ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ ہم آپ سب کے ساتھ بھر پورتعاون کریں گے اور آپ کے علاقوں میں کام کروائیں گے اور آپ کے کونسلر حضرات کو فنڈز فراہم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میٹرو پولیٹن میں ہم سب ایک خاندان کی طرح ہے اور ہر فرد کی بات ہمارے لئے قابل قدر ہے، علاقے کے مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔ میٹینگ کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین کے کونسلرز اور عہدیداران نے میئر کوئٹہ کا ایم ڈبلیو ایم آفس تشریف لانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے مسائل جلد از جلد حل ہونگے اور عوام کو ان مشکلات سے چھٹکاراملے گا۔