وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختون خوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے پولیس کانسٹیبل راشد علی کی ظالمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت اور پولیس افسران ہمیں صرف تسلیاں نہ دیں دہشت گردوں کے خلاف عملی کاروائی کرے آئی جی ناصیر دورانی صاحب بتائے پشاور میں آپریشن کس کے خلاف ہو رہا ہے پشاور میں تو کوئی ٹارگٹ کلنگ نہیں روکی انہوں نے کہاکہ پشاور کے معصوم اور بیگناہ عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے جو کسی المیہ سے کم نہیں۔ دہشت گرد آزاد پھر رہے ہیں اور معصوم، بیگناہ ملک و ملت سے وفادار شہریوں کو اپنے سفاکیت کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے بیرونی آقاوں کے ایما پر ان دہشتگرد تکفیری گروہوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے تاکہ یہ شیطانی عناصر اتحاد بین المسلمین کو پارا پارا کرنے کی مذموم سازشوں پر عمل پیرا ہو کر اسلام اور پاکستان کے خلاف کاروائیاں کریں۔ جس کا نقصان گذشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے پاکستان کے عوام مشاہدہ کررہے ہیں، کہ کس درد و کرب میں سے گزرتے ہوئے پاکستانی عوام کی اکثریت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ پاکستان کی نام نہاد جمہوری حکومت عوام کو بیرونی سازشوں کا شکار کرکے دست و گریباں کیے ہوئے ہے۔اس موقع پر محرم کمیٹی کے سیکرٹری جنرل مظفر علی خونزادہ نے راشید علی کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومت کے سامنے مطالبات رکھے ہیں ان پر کوئی عمل درآمد نہ ہوا تو ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ علامہ سید وحید کاظمی نے مطالبہ کیا کہ پشاور میں محرم کے دوران شہید ہونے والے قاتلوں کو گرفتار کرے اور دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کا دائرہ پشاور تک پھیلایا جائے۔