وحدت نیوز (بنوں) مجلس وحدت مسلمین بنوں کے زیر اہتمام سانحہ پاراچنار اور نائجیریا میں فوج کی بربریت کے خلاف مرکزی امام بارگاہ حسینیہ کے سامنے پرامن احتجاج کیا گیا۔ ریلی کے شرکا نے نائجیریا کی معروف مذہبی شخصیت حجت الاسلام و المسلمین شیخ ابراہیم زکزکی کی فوج کے ہاتھوں گرفتاری اور سانحہ پارا چنار کے خلاف مذمتی بینر اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بنوں و ڈپٹی آرگنائزر آل کونسلر اتحاد ذاکر نوروز علی کربلائی نے نائیجیریا کی فوج کی جانب سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں سینکڑوں بےگناہ افراد کی شہادت کو بھیانک ترین ریاستی دہشت گردی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زکزکی کی مقبولیت سے خائف نائجیریا کی حکومت نے اسرائیلی ایما پر انہیں حق پرستی کا سزا دی ہے۔ ہم پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے شیخ زکزکی کی فوری رہائی کے لیے نائیجریا حکومت پر زور ڈالیں۔ دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ملت جعفریہ کو ملک بھر میں سنگین سانحات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دہشت گرد عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی ضرورت ہے۔