وحدت نیوز (پشاور) گذشتہ دنوں وفات پانے والے شیعہ اسیر رہنماء محمد حسین حسینی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے امام بارگاہ دربار حسین (ع) میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا، مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین الحسینی کا کہنا تھا کہ پشاور میں جس طرح لاشیں گرائی گئیں اس پر انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی یہی بتاتی ہے کہ وہ اس قتل عام کو روکنے کے لئے کوئی کردار ادا نہیں کرنا چاہتی، انہوں کا کہنا تھا کہ محمد حسین حسینی کو کئی سال جیل میں بے گناہ رکھا گیا، جس کی وجہ سے ان کی طعبیت خراب ہوئی، اس طرح پشاور کی انتظامیہ نے ہر قسم کا ظلم یہاں کے اہل تشیع سے روا رکھا ہوا ہے، جو انتہائی افسوناک اور ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں صرف اس کی چلتی ہے جو اس مملکت کا دشمن ہو، جو فوج کا دشمن ہو، جو غریب عوام کا دشمن ہو۔ مگر جس کو اس پاک سرزمیں کے ساتھ محبت ہو اس کے ساتھ جس قسم کا بھی ظلم ہو اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے پشاور جیل میں قید محمد حسین حسینی کے فرزند عسکری اور علی محسن کی رہائی کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔