وحدت نیوز(پشاور )مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے زمان پارک آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر آتر ائی ہے۔ نہتے عوام پر کیمیکل پانی کا استعمال انسانی و آئینی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، عمران خان کی گرفتاری ملک میں الیکشنز کے ماحول میں تاخیری حربے استعمال کرنے کے مترادف ہے، جو کسی بھی صورت میں قابل قبول عمل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام روز بروز بڑھتا جا رہا ہے جس سے ملکی معیشت بھی شدید زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہے لیکن حکومتی ترجیحات میں سیاسی حریفوں کو سختی سے کچلنے جیسے غیر آئینی عمل کے سوا کچھ نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت نے حکومتی ٹولے کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ عام کارکنان پر لاٹھی چارج اور شیلنگ حکومتی بوکھلاہٹ کو عیاں کر رہا ہے۔ نگران حکومت کا کام شفاف اور بروقت الیکشنز کے انعقاد کو یقینی بنانا ہوتا ہے لیکن موجودہ حکومت پرتشدد کارروائیوں سے اپنی غیر جانبدارانہ حیثیت کھو چکی ہے۔