وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کے بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ عام آدمی کی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے۔ آخر کب تک عوام کو محض وعدوں اور امیدوں کے نام پر تسلی دی جاتی رہے گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران کے ساتھ ساتھ دیگر اشیائے خورد و نوش کی قلت کے بارے میں بھی خبریں آنا شروع ہو چکی ہیں۔ ناقص انتظامی کارکردگی کے باعث حکومت اپنی مقبولیت رفتہ رفتہ کھو رہی ہے۔ اگر ملک کی اس طرح بحرانوں کی نذر کیا جاتا رہا تو پاکستانی سیاست میں تحریک انصاف کی کوئی جگہ باقی نہیں بچے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ غذائی اجناس کی قلت اگر مصنوعی طور پر پیدا کی جارہی ہے تو ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرنا حکومت کا فرض بنتا ہے۔ حکومت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے شنکجے میں لے۔ ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہیے جو مافیا کا کردار ادا کرتے ہوئے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا رہے ہے۔ عوام نے تحریک انصاف کو جس تبدیلی کے لیے ووٹ دیا تھا اس کی عملی شکل بھی نظر آنی چاہیے تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ عوام کا فیصلہ درست تھا۔ اگر موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی تو پھر عوام اسے ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں گے۔