وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخواہ کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا وحید عباس کاظمی نے ر حمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ اور حضرت امام جعفر صادق ﷺ کے یوم ولادت کے موقعہ پر اپنے بیان میں کہا ہے رسول ﷺ و آل رسول ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کردنیاوی مشکلات سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ عالم اسلام کے باہمی تنازعات امت مسلمہ کے لیے دور عصر کا سب سے بڑا چیلنج ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لیے نبی کریم ﷺ کی سیرت کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ نے ان قبائل کو بھائی بھائی بنا دیا جو ایک دوسرے کے جانی دشمن تھے۔ آج اسی اتحاد و اخوت کی ضرورت ہے۔ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو اختلافات میں الجھا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ دانشمندی کا تقاضہ یہ ہے کہ مسلمان یکجا ہو کر ان عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں۔
انہوں نے کہا نبی کریم ﷺ ساری کائنات کے لیے رحمت بن کر آئے ہیں۔جو لوگ اسلام کے نام پر دہشت گردی اور خون خرابہ کرتے ہیں ان کا اسلام سے دور کا بھی تعلق نہیں۔ ہمیں ایسے اسلام دشمنوں کے پٹھووں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔ اس وقت یہود و نصاریٰ کا اولین ہدف امت مسلمہ کی تباہی و تنزلی ہے۔ مسلمانوں کو اختلافات میں الجھا کر دشمن ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرنا چاہتا ہے استعماری سازشوں کووحدت و اخوت کے ہتھیار سے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
انہوںنے مزید کہاکہ اب پوری دنیا کے مسلمانوں کا اختلافات کو نظر انداز کر مشترکات پر باہم ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔اس حقیقت سے صرف نظر امت مسلمہ کی تباہی کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ جشن ولادت معصومین علیہم السلام کے موقعہ پر صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف حصوں میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔