وحدت نیوز (ڈی آئی خان) خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ اور بالخصوص 18 سالہ نوجوان شہید سید حسن علی کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ غضنفر عباس نقوی، شیعہ علماءکونسل کے رہنما علامہ رمضان توقیر ، سرائیکی ا سٹوڈنٹس موومنٹ، سرائیکی یوتھ پارلیمنٹ و دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ایک پر امن شہر ہوا کرتا تھا، لیکن اب دہشت گرد دندناتے پھرتے ہیں، جب اور جسے چاہیں موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں ان کو روکنے والا کوئی نہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ پولیس دہشت گردوں کو قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے، ہم آرمی چیف اور بالخصوص آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈی آئی خان میں مکمل آپریشن کیا جائے اور شہید سید حسن علی کے قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد مظاہرین نے توپانوالہ چوک پر شہید کی یاد میں شمعیں روشن کیں جس میں کافی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔