وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ اسماعیل خان کے سینئر راہنماء سید اسد علی زیدی نے امام بارگاہ چاہ سید منور شاہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایم ڈبلیو ایم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلومین پارا چنار کی داد رسی کرکے افواج پاکستان اور آرمی چیف نے قوم کو متحد کیا، افواج پاکستان نے بروقت کردار ادا کرکے قوم کو تقسیم کرنیوالے ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں، ہم ان قابل ستائش اقدامات پر افواج پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے بھی شکر گزار ہیں کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا اور ان مظلومین سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہم انتظامیہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے پُرامن آئینی قانونی احتجاجی مظاہروں اور علامتی دھرنوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیابی و کامرانی سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو الیکشن سے پہلے اللہ نے ملت جعفریہ کے سامنے ایکسپوز کر دیا ہے، جن حکمرانوں میں انسانیت کی قدر و قیمت نہ ہو ان سے عدل و انصاف کی امید رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے۔
سید اسد علی زیدی نے کہا کہ سانحہ پاراچنار کے بعد نواز شریف حق حکمرانی کھو چکے ہیں، آرمی چیف نے مظلومین کی دادرسی کرکے قوم کے دل جیت لئے، دہشتگردی کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک دہشتگردوں کے سہولت کار اقتدار میں ہیں۔ انہوں نے کہا نے کہا کہ پاراچنار میں گذشتہ دس سالوں سے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، یہ ملک دشمن قوتیں پاکستان میں افراتفری اور مذہبی فسادات کی فضاء قائم کرنا چاہتی ہیں، ہمیں اس موقع پر بھرپور فہم و فراست سے کام لینا ہوگا، دشمن ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اب ہمیں آپس میں لڑوانا چاہتا ہے، ہمیں دشمن کے ارادوں کو سمجھنا ہوگا اور ملک میں امن و امان اور محبت کو فروغ دینا ہوگا، تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو پُرامن پاکستان مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے مذموم عزائم کو کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دینگے، ہم پاکستان دشمن اور استعماری ایجنٹوں کو پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شیعہ و سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں، پاکستان میں شیعہ و سنی اتحاد میں کوئی دو رائے نہیں، اس ملک میں بیرونی آقاؤں کی مداخلت کو ہم ہرگز گوارہ اور برداشت نہیں کریں گے کہ وہ ہمارے خون سے ہولی کھیلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام و پاکستان کے دشمن ہمارے وطن عزیز کی سلامتی کو مسلسل چیلنج کر رہے ہیں، جس کو ہم نے اتحاد و وحدت اور حب الوطنی کے ذریعے ناکام بنانا ہے، ملت تشیع پاکستان زندہ باد کے علاوہ کوئی لفظ سوچ نہیں سکتی، ہم بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں، پاکستان کی بنیادوں میں ہمارے آباؤ اجداد کا پاک لہو شامل ہے، ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم ہی اس کو بچائیں گے۔ اسد علی زیدی نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے پُر زورمطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پارا چنار اور ملک بھر میں ہونے والے دہشتگردی کے دلخراش واقعات میں ملوث دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو گرفتارکرکے بے نقاب کریں اور ان تمام دہشتگردی کے واقعات کے مقدمات ملٹری کورٹ میں چلائے جائیں، تاکہ شہداء کے گھرانے جو انصاف کے منتظر ہیں، اُن کو انصاف مل سکیں۔