وحدت نیوز (ڈی آئی خان) سہارا سنٹر کی بندش کو فِی الفور کھولا جائے اور ضلعی حکومت ناجائز قبضہ واپس لے کر بلڈنگ سہارا سنٹر کے حوالے کرے۔ معذور افراد کے ساتھ زیادتی پر ضلعی حکومت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری ویلفیئر مجلس وحدت مسلمین تہور عباس شاہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت کے اس ناجائز اقدام کی سخت مذمت کرتے ہیں اور کہا کہ پچھلے 15 سال سے یہ سنٹر اس بلڈنگ میں قائم ہے اور معذور افراد کو مختلف سہولیات و سروسز مہیا کر رہا ہے، لیکن ضلعی حکومت اس کو خالی کرانے کے درپے ہے، باوجود اسکے کہ ضلعی حکومت کے پاس کئی سرکاری عمارتیں اور خالی پلاٹس موجود ہیں، جن میں وہ اپنا دفتر باآسانی بنا سکتے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ضلعی حکومت اس اقدام کو واپس لے اور فوراََ بلڈنگ سہارا سنٹر کے حوالے کرے، ورنہ سول سوسائٹی، سیاسی و مذہبی تنظیمیں معذور افراد کے ساتھ سڑکوں پر ہوں گی اور اپنے حق کے لئے آخری حد تک جائیں گی۔