وحدت نیوز (ہری پور) یونیورسٹی آف ہری پور میں ایک روزہ بین المسالک ہم آہنگی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے مختلف مسالک کے علمائے کرام نے شرکت کی۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبرپختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے بھی خصوصی شرکت کی اور شرکاءسے خطاب کیا۔ مقامی غیر سرکاری تنظیم سپارکو کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ سیمینار میں معروف کالم نگار خورشید ندیم مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر علماء کا کہنا تھا کہ اتحاد و حدت ہی امت مسلمہ کے تمام مسائل کا پائیدار حل ہے۔ آپسی فروعی مسائل کو بھلا کر امت مسلمہ کی عظمت و بلندی کے لئے تمام مسالک کو بلاتفریق اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ مسلمانوں کی دشمن طاقتیں اس وقت امت کے مابین موجود تفرقات کو ہوا دے کر اپنے مقاصد حاصل کرتے ہیں۔ دشمن کی تمام چالوں کو ناکام بنانا ہوگا، عالمی سطح پر بھی مسلمان ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر اسلام کی سربلندی اور عظمت کا باعث بنیں۔