وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختون خوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین الحسینی نے سانحہ تفتان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ زائرین کی شہادتیں حکومتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختون خوا سانحہ تفتان کے خلاف احتجاج اور تین روزسوگ کا اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا زائرین کی بسوں اور کراچی کے ائیر پورٹ پر حملے نواز حکومت کی مذاکراتی پالیسی ودہشت گردوںکی سرپرستی کا نتیجہ ہیں۔ آج پاکستان میں گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک کوئٹہ سے پاراچنار تک امریکی نواز دہشت گردوں کے حملے جاری ہیں اور یہ نااہل حکومت ان سے مذاکرات کر رہی ہے۔ علامہ سید محمدسبطین نے کہاکہ تفتان میں30 سے زائد زائرین کی شہادتوں پر افسوس اور اسکی ذمہ دار وفاقی اور بلوچستاں حکومت ہے کیونکہ کچھ ہی فاصلے پر باڈر پر انتہائی سخت سیکورٹی موجود تھی اور ساتھ ہی زائرین کے لئے حکومت کے طرف سے سیکورٹی تفتان سے دینے کے وعدے بھی کئے گئے تھے اس سے معلوم ہوتا ہے بلوچستان حکومت زائرین کو سیکورٹی دینے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ملت تشیع پر تنگ کی جا رہی ہے، آج پاکستان کی ہر گلی میں شیعہ قوم کا خون بہایا جا رہا ہے۔ انہوں نے سانحہ تفتان کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے گھروں سے باہر نکلیں۔