وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر پیر کے روز ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیل کے غزہ پر جاری انسنایت سوز مظالم کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا ، ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام غزہ کے مظلومین کے ساتھ ہمدردی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے سامنے کیا گیا جس میں خواتین اور مردوں سمیت بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار ہمدردی کے لئے نعرے اور جملے آویزاں تھے، شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور ہاتھوں میں فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے، شرکائے احتجاجی مظاہرہ غزہ پر ڈھائے جانے والی صیہونی مظالم کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے اور غزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کا ذمہ دار عالمی سامراج اور شیطان بزرگ امریکہ کو قرار دیتے ہوئے مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نا منظور سمیت اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت عالمی انسانی حقوق کے اداروں کے خلاف زبردست نعرے بازی کر رہے تھے۔
مجلس وحدت مسلمین کراچی کے تحت منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں مولانا باقر زیدی، علامہ مبشر رضا، سید علی حسین نقوی، مولانا علی انور جعفری، میثم عابدی، حسن ہاشمی سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی اور مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی مدد اور نصرت کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے اور ہم فلسطینیوں کی مدد اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس بازیاب نہیں کروا لیا جاتا، انہوں نے حالیہ دنوں غاصب اسرائیل کی جانب سے غزہ کے نہتے اور معصوم عوام پر جاری انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں اور بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو رکوانے میں مثبت کردار ادا کریں ۔
مقررین کاکہنا تھا کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں نے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرنے کے بعد خواب غفلت اختیار کر لی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، انہوں نے کہا کہ عرب مسلم ممالک جن میں ترکی سمیت دیگر شامل ہیں ایک طرف تو غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں تو دوسری جانب اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے چند ملین ڈالروں کی امداد کا اعلان بھی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سمیت مسلم ممالک اور عربوں کو دہرا معیار ختم کرنا ہو گا اور فلسطینیوں کی آزادی کے لئے سنجیدہ جدوجہد کرناہو گی۔
مقررین نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر مناتے ہوئے گھروں سے نکل آئیں اور یوم القدس کے لئے نکالی جانے والی فلسطینی حمایت کی احتجاجی ریلیوں میں شریک ہو کر عالمی سامراجی قوتوں امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں۔