وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ایم ڈبلیو ایم ضلع حیدرآباد کے زیر اہتمام پریس کلب پر بی بی زینب سلام اللہ علیہا کی روضے کی بے حرمتی کیخلاف ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع حیدرآباد کے رہنما مولانا امداد علی نسیمی، مولانا نور حسن، مولانا گل حسن مرتضوی، مولانا محمد علی جروار، مولانا کاظم حسین، مولانا رحمت علی، عالم کربلائی، یعقوب حسینی اور دیگر علماء سمیت شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی کے شرکاء نے شدید نعرے بازی کی اور مردہ باد امریکا، مردہ باد اسرائیل اور دشمنانِ اسلام کے خلاف پرزور نعرے بلند کئے۔ ریلی میں مختلف انجمنوں اور نوحہ خواں نے عزاداری بھی برپا کی۔
ریلی سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ نواسی رسول حضرت زینب (س) کے روضہ مبارک پر حملہ کرنے والے نام نہاد مسلمان ہیں جن کا اسلام اور اسلام کی تعلیمات سے دور دور تک کا بھی کوئی واسطہ نہیں ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسلام تو عام قبور کے احترام کا درس دیتا ہے اور عالم اسلام کیلئے بی بی زینب سلام اللہ علیہا کا روضہ ایک قیمتی اثاثہ ہے اور عالم اسلام کے حقیقی پیروکار روضہ مقدس اور دیگر مذہبی مقامات کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور اس کیلئے کسی قسم کی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے۔