وحدت نیوز (کراچی) ملتانی محلہ اورنگی ٹاؤن میں تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان وجاہت عباس کی نماز جنازہ مسجد حیدر کرار ع اورنگی ٹائون پونے پانچ نمبر میں مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل اور امام جمعہ والجماعت علامہ صادق جعفری کی زیر اقتداء ادا کردی گئی، شہیدوجاہت عباس کو آہوں اور سسکیوں میں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، اس موقع پر جعفریہ الائنس کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری شبر رضا ، ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن سمیت علمائے کرام سیاسی وسماجی شخصیات ،علاقہ عوام اور پسماندگان بڑی تعداد میں شریک تھے۔بعد ازاں ایم ڈبلیوایم کے وفد نے شہید کے گھرجاکر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہارکیا اور فاتحہ خوانی کی، واضح رہے کہ شہید وجاہت عباس چند روز قبل اٹلی سے اپنے بھائی کی شادی میں شرکت کی غرض سے پاکستان واپس آئے تھے جنہیں دو روز قبل تکفیری دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔